وزیراعظم قبل از وقت انتخابات کرا دیں، کرپشن کا تابوت سپریم کورٹ سے نکلے گا: شیخ رشید
لاہور (خصوصی رپورٹر) شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم نوازشریف کو قبل ازوقت انتخابات کرانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں عبوری سیٹ اپ آنا ہے یا عبوری وزیراعظم فیصلہ 8 ہفتوں میں ہو جائیگا‘ استعفیٰ دینا ہے یا اسمبلی تحلیل کرنی ہے اس کا فیصلہ نوازشریف نے ہی کر نا ہے انکو پہلے ہی استعفیٰ کا مشورہ دے چکا ہوں ‘ ملک میں کرپشن کا تابوت سپریم کورٹ سے ہی نکلے گا‘ حکمرانوںکے حساب کے دن قریب آچکے ہیں ‘نگران سیٹ اپ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ملکر بنانا ہے ہماری اس پر مکمل نظر ہے‘ سینٹر اسحاق ڈار کے سوا ساری مسلم لیگ ن جے آئی ٹی میں آچکی ہے‘ پنجاب کے ہسپتالوں کی حالت جیلوں سے بھی بری ہے۔ جناح ہسپتال میں سانحہ احمد پور شرقیہ کے متاثرین کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں سیاسی اور حکومتی معاملات بڑی تیزی کے ساتھ تبدیل ہو رہے ہیں۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ تینوں درخواست گزاروں کو ملنی ہے اور میں سپریم کورٹ سے نواز شریف کو جرح کیلئے طلب کرنے کی استدعا کروں گا، اگر فیصلہ وزیراعظم کے خلاف آتا ہے تو آئین کے آرٹیکل 190 کے تحت لازم ہے کہ شام سورج غروب ہونے سے پہلے وزیراعظم ہائوس خالی کرایا جائے۔ موجودہ حالات میں سیاستدانوں کا امتحان ہے اگر نکھٹو پن، نااہلیت کا مظاہرہ کیا گیا تو بساط اور سیاست سمیٹی جا سکتی ہے۔ انہوں نے عمران خان کی طرف سے پی ٹی آئی میں شمولیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان میری جان ہے جگر ہے اس کی طرف دوستی کا بڑھا ہوا ہاتھ کٹ تو سکتا ہے واپس نہیں آ سکتا، ابھی سیاسی موسم ابر آلود ہے یہ چھٹ جائے تو فیصلہ کریں گے۔ موجودہ حالات میں (ن) لیگ کا بڑا سیاسی گروپ فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں ہے۔