سانحہ احمد پور شرقیہ کے اصل ذمہ دار حکمران ہیں: شجاعت
گجرات(نامہ نگار) ق لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے عید پر ہمیں دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دینے والے شہداء کو بھی یاد رکھنا ہے، سانحہ احمد پور شرقیہ کے اصل ذمہ دار حکمران ہیں۔ ہمارے بنائے گئے برن سینٹر بند نہ کیے ہوتے تو سی ون تھرٹی کے ذریعے مریضوں کو لاہور منتقل کرنے کی ضرورت نہ پڑتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چوہدری وجاہت حسین، چوہدری شفاعت حسین، چوہدری مونس الٰہی ، چوہدری راسخ الٰہی ، چوہدری حسین الٰہی ، چوہدری شافع حسین ، چوہدری محمد الٰہی و دیگر بھی موجود تھے۔ چوہدری شجاعت حسین کا مزید کہنا تھا سانحہ احمد پور شرقیہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ ہے اس کے خلاف باتیں کرنے والے عدالت کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ اللہ کو حاضر ناضر جان کر ملک اور قوم کے مفاد میں فیصلہ کرے گی۔