سرائے مغل: دوستوں نے مذاق کرتے نوجوان کو نہر میں پھینک دیا‘ نعش نہ مل سکی
سرائے مغل (نامہ نگار) ٹرو کے روز ہیڈ بلوکی پر سیر کے لئے آئے بونگہ بلوچاں کے نوجوان کو اس کے ساتھیوں نے مذاق میں اٹھا کر بلوکی سلیمانکی نہر میں پھینک دیا۔ متوفی دو بھائیوں اور تین بہنوں کا واحد کفیل تھا۔ ریسکیو1122کے غوطہ خور موقع پر پہنچ گئے۔ عید کے دوسرے روز محمد زمان ولد اللہ رکھا کو اس کے دو دوستوں نے نہر میں پھینک دیا‘ پانی کے تیز بہائو کی وجہ سے وہ ایک گھنٹہ تک اوپر نہ آسکا تو قریب کھڑے لوگوں نے اس وقوعہ کی اطلاع ریسکیو 1122کو دی جس پر ریسکیو کے غوطہ خور موقع پر پہنچ گئے تاہم دو روز گزرنے کے باوجود نعش نہ مل سکی۔ متوفی کی والدہ نے روتے ہوئے بتایا کہ محمد زمان کی منگنی اس کے تایا کے گھر ہوئی تھی اور اس کی شادی بھی جلد ہونے والی تھی متوفی کے والدکو بار بار دورے پڑ رہے تھے۔ دو روز گزرنے کے باجود نعش نہ مل سکی۔