کنجوانی: عید پر منشیات فروشوں کی فائرنگ،2افراد قتل،7 زخمی، احتجاج
کنجوانی(نامہ نگار) منشیات فروشوں نے عید کے روز اندھا دھند فائرنگ کر کے 2 شہریوں کو ابدی نیند سلا دیا، 7 افراد شدید زخمی ہو گئے، شہریوں نے نعشیں فیصل آباد، اوکاڑہ روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور پولیس پر منتھلی لینے کا الزام لگایا۔ ذرائع کے مطابق پولیس تھانہ سٹی تاندلیانوالہ نے عید سے ایک روز قبل محلہ شمس پورہ میں چھاپہ مار کر بدنام زمانہ منشیات فروش عرفان کو گرفتار کیا، جسے ایس ایچ او نے مبینہ رشوت کے عوض چند گھنٹے بعد رہا کر دیا۔ عرفان کو رنج تھا کہ اہل محلہ نے مخبری کر کے اسے گرفتار کروایا ہے اسی بات پر طیش میں آکر ملزم نے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ محلے میں اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آ کر شہباز اور شاہد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ریاض، بلال، الطاف، رشید، عامر، آصف اور غلام عباس شدید زخمی ہو گئے ۔ احتجاج سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔