بس کی وین کو ٹکر‘ زائرین کی گاڑی الٹ گئی‘9 افراد جاں بحق‘45 زخمی
لاہور/ شیخوپورہ/ ننکانہ/ گوجرانوالہ/ قصور (نمائندگان+ نامہ نگاران) عید، ٹرو اور مرو کو شہر کی مختلف سڑکوں پر نوجوانوں کے موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کرنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پولیس ون ویلنگ کو روکنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔ کینال روڈ، جیل روڈ، شاہراہ قائداعظم، مین بلیوارڈ گلبرگ، ڈیفنس، کیولری گرائونڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر نوجوان لڑکے ٹولیوں کی صورت میں موٹر سائیکلوں پر ونگ ویلنگ اور خطرناک کرتب کرتے دکھائی دئیے۔ منچلوں کی جانب سے فیملیز سے بدتمیزی اور خواتین سے چھیڑ خانی کرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ علاوہ ازیں پولیس نے ون ویلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے24 منچلوں کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ فیروزوالا نامہ نگار کے مطابق شاہدرہ اور سرکل پولیس نے ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آٹھ افراد کو گرفتار کر کے انکی گاڑیاں تھانوں میں بند کر دیں۔ پولیس نے اس ضمن میں سمیع اور ذیشان وغیرہ کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔ گوجرانوالہ سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان کے حکم سے عیدالفطر کے ایام میں ون ویلنگ کرنے والے منچلوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔کریک ڈاؤن کے نتیجے میں مختلف تھانہ جات میں 10 مقدمات درج کر کے 19ملزمان گرفتار کئے گئے۔ علی پور چٹھہ میں علی پور چٹھہ کے محلہ حیدر آباد کا رہائشی 14سالہ عظیم اپنے2 دوستوں حسنین اور احمد کے ساتھ موٹر سائیکل پر رسول نگر روڈ پر ون ویلنگ کا مظاہرہ کر رہے تھے کہ نواحی علاقہ رسولنگر کے نزدیک ان کا موٹر سائیکل بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گیا جس کی وجہ سے محمد عظیم موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ ساتھ بیٹھے 2 دوسرے نوجوان شدید زخمی ہو گئے جن میں ایک کا بازو اور دوسرے کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ کامونکے میں عید کے تین روز میں ون ویلنگ کرتے ہوئے اٹھارہ منچلے موٹر سائیکلوں سے گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ ادھر فیصل آباد مانوالہ روڈ پر تیز رفتار بس نے وین کو ٹکر مار دی حادثے میں ڈرائیور سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق جبکہ 15افراد شدید زخمی ہو گئے جن کو فوری طبی امداد کیلئے لاہور اور شیخوپورہ منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے افراد وین میں سوار ہو کر ننکانہ صاحب سیر سے واپسی فاروق آباد آرہے تھے کہ راستہ میں مانانوالہ بائی پاس کے قریب فیصل آباد سے لاہور جانیوالی تیزرفتار بس نے اسے ٹکر مار دی جس کے باعث ایک ہی خاندان کے زبیدہ بی بی، رضیہ بی بی، نامعلوم خاتون، ثناء اللہ اور میاں اعجاز ڈرائیور جو کہ فاروق آباد نوکھر قدیم کے رہائشی تھے موقع پر ہی جان بحق ہو گئے جبکہ شدید زخمی افراد کو ڈی ایچ کیو شیخوپورہ اور جنرل ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے افراد کا نماز جنازہ نو کھر قدیم میں ادا کر دیا گیا اکٹھے جنازے اُٹھنے پر ہر آنکھ اشبار تھی۔ نماز جنازہ میں تمام مکاتب فکر کے سینکڑوں تعداد میں شرکت کی۔ قصور میں دیپالپور روڈ فقیرے والا کے قریب زائرین کی بس الٹنے سے 4افراد جاں بحق اور 30مسافر زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد سے سے زائرین سے بھری بس قصور اور زائرین نے دربار بابا بلھے شاہ پر حاضری کے بعد پاکپتن جانے کے لئے بس روانہ ہو گئی تو فقیرے والا کے قریب بس موٹر سائیکل رکشہ کو بچاتے ہوئے تیز رفتاری کی وجہ سے الٹ گئی جس کے نتیجہ میں ضلع فیصل آباد کے رہائشی چار افراد لطیف، ابراہیم، کاظم اور عدنان ہسپتال جا کر دم توڑ گئے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت پینتس سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو لاہور جنرل ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ مانانوالہ میں عید کے دوسرے روز علی الصبح مانانوالہ کا رہائشی ریحان مجید رکشہ نمبری LEO7317 پر سوار شوکت علی سکنہ فیصل ٹاؤن اور عبدالغفور سکنہ واڑہ امام دین شرقی کے ہمراہ فیروز وٹواں سے مانانوالہ آ رہا تھا کہ کچی کوٹھی کے قریب پیچھے سے آنے والی کار نمبری LEA3888 نے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں رکشہ سوار تینوں افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ شوکت علی اور عبدالغفور شدید زخموں کی تاب نہ لا کر راستے میں ہیں دم توڑ گئے جبکہ رکشہ ڈرائیور ریحان مجید کی حالت نازک بیان کی گئی ہے۔ کار ڈرائیور فرار ہو گیا۔ کالاخطائی روڈ گجر چوک میں کار اور بس کے تصادم میں دو افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔ ان میں دو کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے جن کو میو ہسپتال لاہور ریفر کر دیا گیا ہے جبکہ ضلع میں چاند رات، عید، ٹرو اور مرو کے روز مختلف مقامات پر ہونے والے ٹریفک حادثات اور ون ویلنگ کے دوران درجنوں نوجوان اور افراد شدید زخمی ہو گئے۔