;;;مریم نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی سیاسی سفر کےلئے فیصلہ کن ہو گی
کراچی (وقائع نگار) جے آئی ٹی میں پیشی وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کے ممکنہ سیاسی سفر میں انتہائی فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے۔ مستقبل میں وزارت عظمیٰ پر نظریں جمانے والی مریم نواز اگر جے آئی ٹی اور پاناما کیس میں سرخرو ہو کر نکلیں تو 5 جولائی کی پیشی ان کے سیاسی کیریئر کو زبردست انصاف فراہم کرے گی اور اگر وہ جے آئی ٹی کے سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکیں اور سپریم کورٹ اور پاناما کیس میں ان کے خلاف فیصلہ آیا تو یہ پیشی ہی ان کے سیاسی کیریئر کا باب بند کرائے گی لہٰذا دونوں صورتوں میں جے آئی ٹی کے روبرو مریم نواز کی یہ پیشی ان کے سیاسی کیریئر کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔ جنوبی ایشیا کی مخصوص سیاست میں کسی خاتون کا یوں کسی کیس میں پوچھ گچھ کےلئے طلب کیا جانا عام طور پر سیاسی فائدے پہنچاتا ہے اور عوامی ہمدردیاں بڑھ جاتی ہیں۔ ابھی مریم نواز جے آئی ٹی میں پیش بھی نہیں ہوئیں صرف ان کے سمن جاری ہوئے ہیں تو سوشل میڈیا پر ”مریم میری آواز“ کا ٹرینڈ ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو چکا ہے جس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ جے آئی ٹی میں طلبی کے بعد سے ہی مریم نواز خبروں میں چھا گئی ہیں۔
مریم نواز/ سیاسی کیریئر