امریکی فیصلے سے جدوجہد پر کوئی اثر نہیں ہوگا‘ صلاح الدین
اسلام آباد ( جاوید صدیق) حزب المجاہدین کے کمانڈر اور کشمیری دلیرانہ راہنما سید صلاح الدین نے امریکہ کی طرف سے دہشت گرد قرار دئیے جانے کے فیصلہ کے بعد نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہماری جدوجہد پر کوئی اثر مرتب نہیں ہوگا۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے سید صلاح الدین نے کہا کہ اچھا ہوا کہ ہمیں معلوم ہوگیا کہ ہمارا دشمن کون ہے؟ اور دوست کون ہے؟۔ امریکہ اسرائیل اور بھارت تینوں ہمارے دشمن ہیں اور سب ہماری حمایت کررہے ہیں آپ کے ہم شکر گزار ہیں سید صلاح الدین نے کہاکہ اس فیصلے سے ہمارے عزم پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔مودی نے امریکہ کے ساتھ ڈیل کرنا تھی اس کی خاطر اس نے محکمہ خارجہ سے ہمارے خلاف فیصلہ لے لیا۔ میرے خیال میں یہ فیصلہ ہمارے لیے خیر کا باعث ثابت ہوگا۔ کشمیر کی آزادی کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ صلاح الدین کا اصل نام یوسف شاہ ہے انہوں نے سرینگر یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں ایم اے کیا۔ ان کا تعلق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام سے ہے ۔ سید صلاح الدین نے 1987ءمیں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات میں حصہ لیا۔ جس میں بھارتی حکومت اور فوج نے بدترین دھاندلی کرکے انہیں ہرادیا۔ سید صلاح الدین نے نوائے وقت کے اسی نمائندہ کو کئی برس سے دئیے گئے انٹرویو میں بتایا تھا کہ 1987ءمیں جب انہیں بیلٹ کے ذریعے ریاستی اسمبلی میں آنے سے روکا گیاتو انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ کشمیر کو بھارتی فوج کے تسلط سے آزاد کرانے کے لیے جدوجہد کریں گے۔ 1989ءمیں مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کیخلاف کشمیری حریت پسندوں نے جو تحریک چلائی اس میں سید صلاح الدین نے بہت اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے حزب المجاہدین کے نام پر ایک حریت پسند جماعت کی بنیاد رکھی۔ ان کے ہزاروں حامی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے تشدد کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔ بھارتی فوج نے ان کے سینکڑوں حامیوں کو شہید کیا۔ 1990ءکی دہائی میں بھارت نے کشمیر کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے جن کشمیری لیڈروں سے بات چیت پر آمادگی ظاہر کی ان میں حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین سرفرست تھے تب بھارت کا موقف یہ تھا کہ سید صلاح الدین اور ان کی تنظیم کشمیری حریت پسندوں کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ جس کا تعلق مقبوضہ کشمیر سے ہے۔ بھارت نائن الیون کے بعد مسلسل کوشاں رہا ہے کہ وہ کشمیر کی تحریک آزادی کو دہشت گرد تحریک قرار دلوائے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت میں وہ سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دلوانے میں کامیاب ہوا ہے ۔ پاکستان نے امریکہ کے اس فیصلے کو غیر منصفانہ اور بلاجواز قراردیا ہے اور کشمیریوں کے حق خود اختیاری کی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
صلاح الدین