عید کے دنوں میں ڈکیتی‘ چوری کی وارداتیں ‘ شہری مال و زر اور موٹر سائیکلوں سے محروم
لاہور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) عید کے دنوں میں ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں شہری مال و زر اور موٹر سائیکلوں سے محروم ہو گئے گوجرانوالہ کے نمائندہ خصوصی کے مطابق تھانہ گرجاکھ کے علاقہ نیو صادق رو ڈ پر رانا محسن خالد کی کار میں سوار فیملی کو دو موٹر سائیکل سوار ڈاکو 8 تولے طلائی زیورات اور بیس ہزار روپے نقدی، گھوڑے شاہ روڈ پر موسیقار مشتاق علوی اور بیٹے سے موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو 70ہزار روپے نقدی، اے ٹی ایم کارڈ اور شناختی کارڈ لے گئے، تھانہ اروپ میں الیاس سے ڈاکو پچیس ہزار روپے نقدی اور ضروری دستاویزات، کشمیر روڈ پر حمزہ سے نقدی اور ضروری دستاویزات، ایکس بلاک میں راشد سے نقدی، تھانہ کھیالی کے علاقہ میں رضوان سے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گائوں پپناکھہ کے قریب آٹھ ڈاکوئوں نے ایک گھنٹہ تک ناکہ لگا کر دس موٹر سائیکل سوار فیملیز سے نوے ہزار روپے نقدی اور 9 تولہ زیورات لوٹ لئے۔کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق ریٹائرڈ فوجی سجاد وحید، بیوی اور بیٹے گورالی کے نزدیک زوہیب زیبی نے ساتھی کی مدد سے موٹر سائیکل، گھڑی، نقدی اور لائسنسی پستول چھین لیا۔ مزاحمت پر پستول کا بٹ مار کر اسے شدید زخمی کر دیا۔ تھانہ سٹی میں واقع پیزا شاپ سے ڈاکو منیجر اور عملہ کو یرغمال بنا کر 3 لاکھ لوٹ کر فرار ہو گئے۔گکھڑمنڈی سے نامہ نگار کے مطابق راجباہ کی پٹڑی پر چار ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے ناکہ لگا کر متعدد راہگیروں کو اسلحہ کی نوک پر روک کر لوٹ لیا۔ لٹنے والوں میں محلہ کریم آباد کے غلام رسول اور عبداالستار محلہ مغل پورہ کے عمران محلہ نور پورہ کے طارق بھی شامل ہیں۔