امتیاز صفدرنے تحریک انصاف میں شامل ہو کر پارٹی سے غداری کی: پیپلز پارٹی گکھڑ
گکھڑمنڈی(نامہ نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر وسابق وفاقی وزیرمملکت امتیاز صفدر وڑائچ نے پیپلز پارٹی کے ساتھ غداری کر کے میر صادق و میر جعفر کا کردارادا کیا ہے پیپلز پارٹی کی قیادت نے امتیاز صفدر جیسے عام آدمی اور کارکن کو وفاقی وزارتیں دیں ،پنجاب کا صدر بنایا مگر وقت آنے پر اس نے پارٹی کی قیادت کی پیٹھ میں چھرا گھونپ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ انتہائی مفاد پرست اور احسان فراموش ہیں آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے کارکن ان کو شکست فاش دے کر نشان عبرت بنا دیں گے ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی گکھڑ کے صدر میاں راشد طفیل ،جنرل سیکرٹری قاری تنویرالحسن اور پیپلز پارٹی کے سیاسی وسماجی راہنما چوہدری طارق سلطان چیمہ ایڈووکیٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ امتیاز صفدر ایک چلا ہوا کارتوس ہیں۔ پی ٹی آئی میں شامل ہو کر انہوں نے سیاسی خود کشی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتیاز صفدر وڑائچ نے اپنی کرپشن اور جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔