کشمیری عوام دہشتگردی کے پروپیگنڈا سے متاثر ہونے والے نہیں: اسلم بلوچ
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مرکزی انجمن تاجران چیئرمین الحاج ملک محمد اسلم بلوچ نے کہا ہے کہ سید صلاح الدین جیسے حریت لیڈر کو دہشت گرد قرار دینے سے جدوجہد آزادی کشمیر مزید مضبوط ہوگی، کشمیری قوم دہشت گردی کے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈا سے متاثر ہونے والی نہیں ہے ماضی میں بھی ایسے اقدامات اٹھانے سے بھارت کو کچھ حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی اب ہوگا۔ بھارت کا غاصبانہ قبضہ ختم ہونے تک کشمیری اپنی تحریک آزادی پوری قوت سے جاری رکھیں گے اور قربانیوں و شہادتوں کے نتیجہ میں بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کو جلد جنت ارضی کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔ اپنے ایک بیان میں الحاج ملک محمد اسلم بلوچ نے کہا کہ کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے والی شخصیات کے دہشت گرد ہونے کا اعلان کرنے والے بھارت و امریکہ خود دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں جو مختلف خطوں و علاقوں میں لاکھوں مسلمانوں کا خون بہانے میں مصروف ہیں امریکہ کے سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینے سے حقائق تبدیل نہیں کئے جا سکتے۔ حقیقت یہ ہے کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیری قوم کی مضبوط جدوجہد آزادی کے نتیجہ میں کشمیر ہاتھ سے نکلتا دیکھ کر بھارت سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔