ذہنی مریضوں کی بحالی کے لیے معاشرے کو بھی کردار ادا کرنا چاہیے: سیشن جج لاہور
لاہور( اپنے نامہ نگار سے) عید کے موقع پرڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہورعابد حسین قریشی نے فاؤنٹین ہائوس کادورہ کیا۔انہوں نے مریضوں کے مسائل سنے۔مریضوں کے لئے حلوہ پوری کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا تھا۔سیشن جج نے عیدنمازکی ادائیگی کے بعدفاؤنٹین ہاؤس کا دورہ کیا۔ سینئرسول جج ایڈمن اورجوڈیشل افسربھی ان کے ہمراہ تھے۔سیشن جج عابدحسین قریشی نے فاؤنٹین ہاؤس کی تمام وارڈز کا دورہ کیا اورمریضوں کی جانب سے بتائے گئے مسائل پر ہدایات جاری کیں۔کچھ مریضوں کاکہناتھاکہ وہ پاگل نہیں بلکہ انہیں زبردستی یہاں رکھاگیاہے۔سیشن جج کاکہناتھاکہ وہ ڈاکٹرزسے تمام مریضوں کے حوالے سے رپورٹ طلب کریں گے جو صحت یاب ہوچکے ہیں ان کی رہائی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ سیشن جج لاہورعابد حسین قریشی نے کہاکہ انہیں ذہنی مریضوں میں عید کے چند لمحات گزارکرخوشی ہوئی۔ان کاکہناتھا کہ ان افرادکی بحالی کے لئے معاشرے کوبھی اپناکردارادا کرناچائیے۔فاؤنٹین ہاؤس میں زیرعلاج مریضوں کوعیدالفطرکے پرمسرت موقع پر جہاں اپنوں سے جدائی کاغم تھاوہیں سیشن جج لاہورکے ساتھ وقت گزارنے پر خوشی کااظہار بھی کیا۔اس موقع پر ضلعی عدلیہ کی جانب سے فائونٹین ہائوس میں رہائش پذیر افراد کو حلوہ پوری کا ناشتہ کروایا گیا۔