ڈیوٹی مجسٹریٹس کی عدالتوں میں تینوں روز رش رہا
لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) عید کی تعطیلات کے دوران لاہور کی تینوں کچہریوںکے ڈیوٹی مجسٹریٹس کی عدالتوں میں تینوں روز رش رہا اور عید کی تعطیلات کے دوران مختلف مقدمات میں گرفتار ہونے والے ملزموں کی ضمانتیں کروانے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ لاہور کی ضلع کچہری، ماڈل ٹائون اور کینٹ کچہری میں پولیس نے ون ویلنگ، پتنگ بازی، شراب نوشی، قمار بازی اور ہلڑ بازی کرنے والے سینکڑوں افراد کو پیش کیا، ان گرفتار افراد کو ضمانتوں پر رہا کروانے کے لئے ان کے رشتہ دار کچہریوں میں پہنچ گئے، ڈیوٹی مجسٹریٹس نے قابل ضمانت جرائم میں ملوث ملزموں کی ضمانتیں منظور کر کے ان کی رہائش کا حکم دے دیا جبکہ وہ ملزمان جو ناقابل ضمانت جرائم میں ملوث تھے ان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا یا جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا،عید کی تعطیلات کے دوران پتنگ بازی کرنے اور ون ویلنگ کرنے پر زیادہ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔