دشمن کی دہشت گردی کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کامیاب نہیں ہونگے دینگے : آرمی چیف‘ عید کنٹرول لائن پر جوانوں کیساتھ منائی
راولپنڈی (اے پی پی+صباح نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عیدالفطر لائن آف کنٹرول پر فرائض انجام دینے والے جوانوں کے ساتھ منائی۔ پاک بحریہ کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عیدالفطر کی نماز لائن آف کنٹرول پر تعینات افسران و جوانوں کے ساتھ ادا کی۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کی ترقی و خوشحالی کی دعائیں کیں اور لائن آف کنٹرول پر تعینات دستوں کے بلند حوصلے، عزم و ہمت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے دشمن کی دہشت گردی کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا 'عسکریت پسند دہشت گردی کے ذریعے پاکستان میں فرقہ واریت کو فروغ دینے میں ناکام رہیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دشمن فرقہ وارانہ دہشت گردی کے ذریعے ہمیں نشانہ بنانا چاہتا ہے لیکن بحیثیت پاکستانی اور مسلمان ہم متحد ہیں، دشمن کو ناپاک ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف سے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے ملاقاتیں کیں اور انہیں ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی جب کہ آرمی چیف نے بھی علمائے کرام کی تعریف کرتے ہوئے بھائی چارے اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے پر زور دیا۔ بعد ازاں آرمی چیف نے ملتان میں نشتر ہسپتال کا دورہ کیا اور سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمیوں کی عیادت کی جبکہ ملتان گیریژن میں پاک فوج کے شہدا کے اہل خانہ سے بھی ملاقاتیں کی۔اس موقع پر آرمی چیف نے سانحہ احمد پور شرقیہ کے متاثرین کے لیے سول انتظامیہ، موٹروے، پولیس اور فوجی جوانوں کی جانب سے کیے جانے والے امدادی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس قسم کے حادثات سے نمٹنے کے لیے عوامی مہم کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف