کپاس کے کاشتکار بارشوں سے بچنے کیلئے قبل از وقت انتظام کریں: محکمہ زراعت
لاہور (کامرس رپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ کپاس کے کاشتکار مون سون کی بارشوں سے ہونے والے نقصان سے بچنے کے لئے قبل از وقت انتظام کریں۔ کپاس کے کاشتکار بارش کے زائد پانی کو کھیت میںہرگز کھڑا نہ ہونے دیں۔ اس کے علاوہ بارش کے زائد پانی کو ساتھ موجود خالی کھیت میں منتقل کردیں اور ڈرل کے ذریعے کاشتہ کپاس میں رجر کی مدد سے کھیلیاں بنادیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ بارش کا پانی اگر 48گھنٹے کپاس کے کھیت میں رہے تو پودے مرنا شروع ہو جاتے ہیں۔ اس لئے کپاس کے کاشتکار اپنے کھیت کے اردگرد گہرے کھڈے کھود دیںتاکہ بوقت ضرورت زائد پانی کی آسانی سے منتقلی ہو سکے۔ اگر پانی کی نکاسی خودبخود نہ ہوسکے تو پمپ کی مدد سے کپاس کے کھیتوں سے نکاسی کا انتظام کریں۔ مزید رہنمائی کے لئے کاشتکار اپنے علاقے کے محکمہ زراعت کے دفاتر سے رابطہ کریں۔