پاکستان سمندری خوراک میں سرفہرست ملک ہے‘ گورنر سندھ
کراچی (وقائع نگار) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان سمندری خوراک میں سرفہرست ملک ہے اس شعبہ کو مزید فروغ دینے کیلئے وفاقی حکومت سمندری حیات کی افزائش کے لئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے، فشریز سے وابستہ افراد کی کفالت اور انہیں جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے ضمن میں رواں برس کے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی کیونکہ فشریز ایک صنعت کا درجہ رکھتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی برڈفشریز کے چیئر مین محمد الیاس راجہ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر معروف صنعتکار ایس ایم منیر ، میاں محمو دالحسن ،مہتاب چائولہ ، سینیٹر عبدالحسیب خان، جمشید چاندی والا اور سلطان صلاح الدین چشتی سمیت دیگر شریک تھے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سمندری خوراک سے پاکستان کو سالانہ بھاری زرمبادلہ حاصل ہو تا ہے اس شعبہ کو جدت دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، فشریز شعبہ سے وابستہ افراد کی تربیت اور انہیں جدید آلات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سمندری آبی حیات کی افزائش حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں وفاقی سطح پر اہم اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں ، صوبہ سندھ میں سمندر اور دریائوں سے مچھلی، جھینگا اور دیگرسمندری حیات حاصل کی جاتی ہے جسے وسعت دی جارہی ہے اس ضمن میں تالابوں میں آبی خوراک کی افزائش کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی جا رہی ہے۔ سی ورڈ فشریز کے چیئر مین محمد الیاس راجہ نے کہا کہ سمندری خوراک سے وابستہ افراد کو جدید آلات کی فراہمی اور تربیت انتہائی ضروری ہے۔