غیر ریاستی جماعتوں کی شرکت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مثبت قدم ہے : مسلم لیگ (ن) ‘ پیپلز پارٹی....نقصان پہنچے گا : مسلم کانفرنس
لاہور (رپورٹ: خواجہ فرخ سعید) آزاد کشمیر کے انتخابات میں غیر ریاستی جماعتوں کی شمولیت کو پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مثبت قدم قرار دیا جبکہ مسلم کانفرنس نے قرار دیا کہ اس سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔گزشتہ روز ایوان وقت میں روزنامہ نوائے وقت، دی نیشن اور وقت نیوز کے زیراہتمام منعقدہ ”آزاد کشمیر کے انتخابات اور اس کے تحریک آزادی¿ کشمیر پر اثرات“ کے موضوع پر مجلس مذاکرہ میں مسلم لیگ (ن) انتخابی کوآرڈی نیٹر سید نصیب اللہ گردیزی، پیپلزپارٹی آزاد کشمیر لاہور کے صدر فاروق آزاد، مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما مولانا محمد شفیع جوش اور سردار عتیق خان کے کوآرڈینیٹر مرزا صادق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ میزبانی کے فرائض انچارج ایوان وقت خواجہ فرخ سعید نے ادا کئے۔ سوال و جواب کی نشست میں آسیہ شاہین، میاں سعید کھوکھر، غزالہ بیگ، مسز ملک، ڈاکٹر نبیلہ طارق، عزیز ظفر آزاد، راجہ طارق، شفیع بٹ، محمد کاشف نے حصہ لیا۔ سید نصیب اللہ گردیزی نے کہا کہ الیکشن کمشن، وفاقی حکومت اور آزاد کشمیر کی نگران حکومت نے مل کر الیکشن چرانے کی سازش کی۔ وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی نے میاں منظور وٹو، مسلم کانفرنس اور ایم کیو ایم کا ٹرائیکا استعمال کیا جس کے تحریک آزادی کشمیر پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے ووٹر فہرستوں کی 30 مئی تک درستگی کا وعدہ کیا تھا پھر 10 جون تک بھی یہ کام نہیں کیا اور الیکشن سے دو دن پہلے تک ووٹر کا اندراج ہوتا رہا مسلم لیگ ن نے پری پول رگنگ کے باوجود الیکشن میں حصہ لیا۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما و اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن مولانا محمد شفیع جوش نے کہا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو داخل کرنے سے قومی لیڈر نوازشریف کی بصیرت کو داغ لگا ہے۔ قائداعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ اور مسلم کانفرنس و مسلم لیگ کو ایک قراردیا تھا۔ نوازشریف نے قائداعظمؒ کے حکم کی نافرمانی کی جس کی انہیں الیکشن میں سزا ملی۔ تحریک آزادی کشمیر کو 61 سال میں کسی قدم سے اتنا نقصان نہیں پہنچا جتنا مسلم لیگ (ن) کے آزاد کشمیر الیکشن میں بحیثیت جماعت حصہ لینے سے پہنچا ہے، انہوں نے گلوگیر لہجے میں کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو اس طرح دفن کردیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر لاہور کے صدر فاروق آزاد نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پاکستان کی جماعتوں کا کردار ہونا چاہئے البتہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) نے طاقت کا جو استعمال کیا اس کا مقبوضہ کشمیر میں منفی اثر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ ہوا تھا کہ رینجرز کی نگرانی میں الیکشن ہوں گے وہ کروائے جانے چاہئیں تھے۔انہوں نے کہا پیپلزپارٹی واضح اکثریت سے جیتی ہے۔ وحدت کا نشان یہ پارٹی مسئلہ کشمیر کو حل کروائے گی۔ مرزا محمد صادق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر کا الیکشن خود لڑ کر تحریک آزادی کشمیر اور کشمیریوں کی کوئی خدمت نہیں کی۔ وزیراعظم پاکستان، نوازشریف، شہبازشریف نے کشمیر پالیسی دینے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا ذکر کرنے کی بجائے باہمی چپقلش کو ہوا دینے پر زور دیا، اس کے تحریک آزادی کشمیر پر منفی اثرات ہوں گے۔
مذاکرہ
مذاکرہ