داتا پارک کے رہائشی سیوریج ملا پانی پینے پر مجبور
مکرمی! ہمارے علاقہ داتا پارک نزد سلامت پورہ سٹاپ میں عرصہ دراز سے زیرزمین سیوریج کا نظام خراب ہونے کی وجہ سے گندا پانی نلکوں کے صاف پانی میں شامل ہو رہا ہے جس کی وجہ سے اب یہ پانی بھی پینے کے قابل نہیں رہا اور علاقے میں بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ نلکوں سے آنے والا پانی نہایت بدبودار ہوتا ہے۔ یہ گندا پانی صحت کیلئے نہایت مضر ہے۔ اس سے علاقہ میں کسی بھی وقت یرقان اور ڈائریا کی وباء پھوٹ سکتی ہے۔ واسا حکام اور صوبائی انتظامیہ سے درخواست ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور بوسیدہ سیوریج کے پائپ تبدیل کرے۔ اس طرح کم از کم اہل علاقہ کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی تو برقرار رہے گی۔
(طاہر شکیل۔ سٹریٹ نمبر 1 داتا پارک نزد سلامت پورہ سٹاپ جی ٹی روڈ لاہور)