ضلعی صحت افسران کو ڈرگ لائسنس اجراء وتجدید فوری شروع کرنیکا حکم
کراچی (نیوزرپورٹر)محکمہ صحت کے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر ہاشم شاہ نے سیکریٹری صحت کے حکم کے مطابق کراچی کے6اضلاع کے ضلعی صحت افسران کو ڈرگ لائسنس کے اجرااور تجدید کے عمل کو فوری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ سیکریٹری صحت کے حکم کے بعد محکمہ صحت کراچی نے کوئی ڈرگ لائسنس جاری کیا اور نہ انہوں نے لائسنس پر دستخط کئے ،ماتحت عملے نے اگر لائسنس کی درخواست جمع بھی کئے ہیں تو آئندہ دس دنوں میں متعلقہ ضلع کو درخواستیں بھیجوا دی جائیں گی ۔یہ بات انہوں نے منگل کو ڈی جی ہیلتھ سندھ ڈاکٹر ارشاد احمد میمن کی صدات میں کراچی کے6ضلعی صحت افسران سمیت محکمہ صحت کراچی کے اعلی سطحی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر ہاشم شاہ نے بتایا کہ ڈی جی ہیلتھ نے آج کراچی کے6اضلا ع کے ضلعی صحت افسران کا اجلاس محکمہ صحت کے نئے انتظامی ڈھانچے کے فیصلے پر عملدرآمد بنانے کی حکمت عملی وضع کرنے کیلئے بلایا تھا ۔تاہم اجلاس میں بارشوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال پر غور کرتے ہوئے محکمہ صحت کے اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور وبائی امراض کی روک تھام کیلئے متعلقہ اداروں سے مل کر مربوط پروگرام پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ڈاکٹر ہاشم شاہ نے صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ ڈاکٹر نصر اللہ میمن کو یہاں سے ریلیو کر دیا گیا ہے جبکہ دو روز گذر جانے کے باوجوداکاوئنٹنٹ خلیل بھٹو کے تبادلے کی ہارڈ کاپی نہیں ملی ۔واٹس ایپ پر ملنے والے لیٹر پر وہ کیسے ریلیو کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان کے علم میں یہ نہیں ہے کہ ریلیو ہونے کے باوجود ڈاکٹر نصر اللہ میمن منگل کو ڈی ایچ او سینٹرل کے دفتر میں کن سرگرمیوں میں مشغول تھے۔وہ ریلیو ہیں اورمحکمہ صحت میں انہیں اپنی رپورٹ کرنے کے حکم پر خود عمل کرنا ہے ۔