گورنر‘ صوبائی وزراء کی ننکانہ آمد‘ وزیر داخلہ سے بھائی کے انتقال پر تعزیت
ننکانہ صاحب (نامہ نگار/ نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں خالد محمود، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک، سابقہ ایم این اے ڈاکٹر شذرہ منصب خان کھرل، ایم پی ایز آغا علی حیدر، مہر کاشف رنگ الہیٰ پڈھیار، ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد، ڈی پی او ننکانہ اسماعیل رحمان کھاڑک، پارٹی رہنمائوں، سماجی کارکنان، صحافیوں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد کی ننکانہ صاحب کے نواحی گائوں نبی پور پیراں آمد، وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب پیر طارق احمد شاہ کے بھائی اور ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف پیر سرور شاہ کے والد پیر حسن احمد شاہ المعروف پیر پپو شاہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پیر حسن احمد شاہ کی سیاسی اور سماجی خدمات کو زبر دست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیر حسن احمد شاہ کی وفات علاقہ اور پارٹی کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے، ان کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ گورنر پنجاب نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی، سوگوار خاندان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی اور وفاقی وزیر داخلہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکے پنجاب میں موجودہ لاک ڈائون ہمارے اور ہماری آنے والی نسلوں کے لئے ہے۔ ملک میں حالات تیزی سے بہتر ہو رہے ہیں اگر عید قربان اور محرم الحرام میں عوام نے ایس او پیز پر عمل کر لیا تو حالات انشاء اللہ مزید بہتر ہوجائیں گے۔ پیدا شدہ صورتحال کے مکمل خاتمے کیلئے لوگوں کا تعاون بہت ضروری ہے۔ حالات مزید بہتر ہو تے ہی ملک بھر میں سکول، کالجز، یونیورسٹیز، ریسٹورینٹس اور پارکس کھول دیئے جائیں گے۔ صباح نیوز کے مطابق گورنر پنجاب انہوں نے کہا کہ ہے کہ ہم اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک اور مضبوط بنا رہے ہیں۔ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے صرف ملکی ترقی اور خوشحالی ہی ان کا مشن ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار کوئی حکومت مافیا کے خلاف ایکشن لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کا کردار تاریخ کا حصہ رہے گا۔