سپیشل سینٹرل عدالت نےمسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر اے این ایف حکام سے چالان کی تفصیلی کاپیاں طلب کر لیں ، عدالت نے 31 اگست تک جیل حکام کو رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ پیر کو مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو منشیات کیس میں عدالت پیش کیا گیا ،سپیشل سینٹرل عدالت کے جج خالد بشیر نے کیس کی سماعت کی ۔کیس کی سماعت کے دوران فاضل جج خالد بشیر نے ریمارکس دیئے کہ رانا ثنااللہ کمرہ عدالت میں موجود ہیں، اگر موجود ہیں تو انہیں روسٹرم پر بلوا لیں، اس دوران لیگی رہنما کو روسٹرم پر بلوایا گیا۔مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کے وکیل نے کہا کہ میرے موکل کو سیاسی بنیادوں میں کیس میں ملوث کیا گیا۔ سیاسی بنیادوں پر گرفتاریاں کی جا رہی ہیں اس دوران عدالت کی طرف سے فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ قانون کے مطابق کیس کا فیصلہ کرینگے۔سماعت کے دوران رانا ثنا اللہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ لیگی رہنما دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، اوپن ہارٹ سرجری ہوچکی ہے۔ گھر سے ادویات منگوانے کی اجازت دی جائے، میرے موکل کو گھر کا کھانا نہیں دیا جا رہا۔ عدالت سے استدعا کرتے ہیں کہ میرے موکل کو جیل میں گھر کا کھانا دینے کا حکم دیا جائے۔اس دوران عدالت کا کہنا تھا کہ آپ تحریری درخواست دائر کریں، اس پر اے این ایف اور جیل حکام کا جواب ریکارڈ پر آجائے گا۔ سماعت کے بعد عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع کر دی۔دوران سماعت عدالت کی جانب سے ملزم سے پوچھا گیا کہ آپ کا جیل میں میڈیکل کیا گیا تھا، جس پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ میرا معمول کے مطابق میڈیکل کیا گیا مگر میری میڈیکل رپورٹس اور ادویات نہیں دی جا رہی ہیں۔ اے این ایف حکام نے گرفتار کرکے تھانے منتقل کیا تو وہاں کوئی سوال جواب نہیں کیا گیا۔ گرفتاری کے اگلے دن مجھے ضلع کچہری پیش کیا گیا اور کہا گیا ہماری تحقیقات مکمل ہے۔ گرفتاری سے ایک ہفتہ پہلے پولیس کی سکیورٹی واپس لی گی۔رانا ثنا اللہ نے اس دوران عدالت سے استدعا کی کہ میری میڈیکل رپورٹس کرائی جائیں۔ عدالت نے رانا ثنااللہ کی میڈیکل کی درخواست پر جیل حکام سے جواب طلب کرلیا، عدالت نے 31 اگست تک جیل حکام کو رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔دوسری طرف عدالت نے آئندہ سماعت پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) حکام سے چالان کی تفصیلی کاپیاں طلب کر لی ہیں جبکہ کیس کی مزید سماعت 10 اگست کو ہو گی، اس دوران رانا ثنا اللہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ دس تاریخ کو میں مصروف ہوں اسی لیے استدعا کرتے ہیں سماعت ایک روز قبل 9 اگست کو کر لی جائے جس کے بعد عدالت نے مزید سماعت 9 اگست تک ملتوی کر دی۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38