پاکستان نے کہا ہے کہ وہ افغانوں کی قیادت میں افغانوں کے ذریعے ملک میں امن کی مکمل بحالی کی کوششوں میں اپنے افغان بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے۔ ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ ہم افغانستان میں جمہوری عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ترجمان نے نائب صدر کے امیدوار امر اللہ صالح کے دفتر پر دہشتگرد حملے کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کابل میں امر اللہ صالح کے دفتر پر عسکریت پسندوں کے حملے میں دو افراد ہلاک اور پچیس زخمی ہوئے تھے۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے کہا ہے کہ حملہ کار بم دھماکے سے شروع ہوا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ امر اللہ صالح کو عمارت سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔