افغان صدر کی عمران خان کو مبارکباد، دورے کی دعوت; حکومت سازی کا عمل مکمل ہوتے ہیں افغانستان کا دورہ کروں گا، عمران خان
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ٹیلی فون کر کے عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے افغانستان کے دورے کی دعوت دے دی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اشرف غنی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ٹیلی فون کرکے مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ عمران خان افغانستان میں نہایت مقبول اور نوجوانوں کے ہیرو ہیں۔افغان صدر نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان باہم بھائی چارے، ہمسائیگی اور دوستی کے دیرینہ رشتوں سے منسلک ہیں،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیجانب سے افغان صدر کا شکریہ اظہار تشکر کیساتھ دورہ افغانستان کی دعوت بھی قبول کرلی ہے اور کہا ہے کہ حکومت سازی کا عمل مکمل ہوتے ہیں افغانستان کا دورہ کروں گا،پاکستان افغانستان میں مکمل امن اور خوشحالی کا خواہاں ہے-