سعودی فرمانروا اور امیر کویت کا طیارہ حادثے پر اظہار افسوس

29 جولائی 2010 (18:47)
جدہ+ کویت (آئی این پی+ عبدالشکور ابی حسن) سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز اور کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے طیارے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز نے صدر آصف زرداری کو ارسال کئے گئے اپنے الگ الگ پیغامات میں ائر بلیو مسافر طیارے کے حادثے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی جانی نقصانات پر سعودی حکومت اور عوام کی جانب سے شدید افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے غمزدہ لواحقین کو صبر کی توفیق دے اور برادر پاکستانی قوم کو ہر آفت سے محفوظ رکھے۔ کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح، ولی عہد شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح اور وزیراعظم شیخ ناصر محمد الاحمد الجابر الصباح نے سانحہ پر صدر زرداری، وزیراعظم گیلانی کو علیحدہ علیحدہ پیغامات میں اظہار تعزیت کیا اور مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی۔ پیغامات میں کہا گیا ہے کہ کویت حکومت اور کویتی عوام پاکستان کے اتنے بڑے فضائی حادثے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے رنج و غم میں برابر کے شریک ہیں۔