اقوام متحدہ امریکہ ، برطانیہ ، سعودی عرب ، چین ، بھارت اورافغانستان سمیت دیگر ممالک نے اسلام آباد طیارہ حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کیا ۔

29 جولائی 2010 (13:41)
اقوم متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اپنے تعزیتی پیغام میں پاکستانی عوام اور حکام سے  انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما اورافغان صدرحامد کرزئی نے صدرآصف  زرداری  کو ٹیلی فون کرکے اس المناک حادثے پر رنج وغم کا اظہار کیا ۔ افغان صدر نے  سوگوارخاندانوں سے بھی تعزیت کی۔ پاکستان میں امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن اور ایرانی سفیر ماشاءاللہ شاکری نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جاں بحق ہونے والوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ادھر  سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے افسوسناک حادثے  پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ شاہ عبداللہ  اور ولی عہد شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز  نے اپنے الگ الگ پیغامات میں دعا کی ہے کہ اللہ تعالی جاں بحق ہونے والوں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔ فرانس کے وزیر خارجہ برنارڈکوچز نے اپنے تعزیتی پیغام میں پاکستانی حکام اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ اوروزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے اپنے پیغامات میں بھارتی حکومت اورعوام کی جانب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدری دی کیا ہے۔ ایران ، آذر بائیجان اور روس کے صدرور نے بھی اسلام آباد میں ہونے والے المناک حادثے  میں   قمیتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہارکیاہے۔