پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج سے ناٹنگھم میں شروع ہو گا۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں فتح اور ٹیسٹ سیریزایک ایک سے برابر کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم بھرپور فارم میں ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس محمد آصف اورمحمد عامرکی صورت میں دنیا کا بہترین اوپننگ باؤلنگ اٹیک موجود ہے،اورعمرگُل کی موجودگی میں ان کا فاسٹ باؤلنگ اٹیک کسی بھی ٹیم کی بیٹنگ کو تباہ کر سکتا ہے۔ دوسری طرف انگلش فاسٹ باؤلراجمل شہزاد ٹخنے کی انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ سے باہرہوگئے ہیں۔ انگلش بورڈ انتظامیہ نے ان کی جگہ فاسٹ باؤلرٹِم بریسنن کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان اس سے پہلے سڑسٹھ ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے انگلینڈ نے انیس اور پاکستان نے بارہ میچوں میں کامیابی حاصل کی، جبکہ چھتیس میچ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوئے۔