قیاس آرائیوں سے متعلق  دفتر خارجہ کی وضاحت

Jan 29, 2025

اداریہ


دفتر خارجہ نے ذرائع ابلاغ میں زیر گردش قیاس آرائیوں پر ردعمل میں پاکستان اور چین کی دوستی کو نشانہ بنانے والی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ’ون چائنا پالیسی‘کے بنیادی اصول پر غیر متزلزل یقین رکھتا ہے، چین پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مستقل اور مضبوط ستون ہے، چین پاکستان کا ہر موسم کا تزویراتی شراکت دار ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ یہ تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار، بنیادی مسائل پر حمایت، اور علاقائی و عالمی استحکام کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات ایک طویل عرصے سے خطے کے اندر اور باہر بہت سے ممالک کے لیئے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں اور اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ پاک چین دوستی صرف دو ممالک کو ہی فائدہ نہیں پہنچا رہی بلکہ پورے خطے کے استحکام اور ترقی کی ضامن ہے۔ علاوہ ازیں، خطے کے باہر بھی اس دوستی کے ثمرات پہنچ رہے ہیں۔ یہ صورتحال بھارت سمیت ایسے ہر ملک کو مضطرب کر رہی ہے جو خطے پر اپنا تسلط قائم کرنا چاہتا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی شکل میں پاکستان اور چین نے ایک سلسلے کا آغاز کیا ہے جو معاشی اعتبار سے اس خطے میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔ ہونا تو یہ چاہیے کہ انسانیت کی فلاح و ترقی کو سامنے رکھتے ہوئے تمام ممالک اس سلسلے کو مثبت نظر سے دیکھیں لیکن ہو اس کے بالکل برعکس رہا ہے، یعنی کئی ممالک اس کوشش میں لگے ہوئے ہیں کہ کسی بھی طرح اس منصوبے کو ختم کرایا جائے۔ ایسی تمام کوششیں ماضی میں بھی بے نتیجہ رہی ہیں اور مستقبل میں بھی بد خواہوں کے ہاتھ حسرت کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔

مزیدخبریں