پیراگون اسکینڈل:عدالت نے گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا
لاہور:احتساب عدالت نے پیراگون اسکینڈل کیس میں گرفتار خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید تیرہ روز کی توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر محکمہ مال کے گواہوں کو شہادتوں کے لئے طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیراگون اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی۔جہاں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو پانچ روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں مصروفت کے باعث خواجہ برادران کے سینئر وکیل امجد پرویز عدالت پیش نہ ہوئے جبکہ تفتیشی افسر کی جانب سے تحقیقات کی فوٹو کاپیاں پیش کرنے پرعدالت نے برہمی کا اظہار کیا معزز جج نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ تفتیشی افسر نے جہالت کا مظاہرہ کیا سب فوٹو کاپیاں لگا رکھی ہیں ، بعد ازاں عدالت نے رپورٹ واپس کردی۔
دوران سماعت پیراگون کے وکیل نے بیان دیا کہ کہ پراپرٹی پر اسٹے لگاہوا ہے اسے ختم کیا جائے،جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ درخواست بارہ دن میں آنی چاہیئے تھی آپ بارہ سال بعد آرہے ہیں۔
احتساب عدالت نے کیس کی کارروائی مکمل ہونے پر خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں تیرہ روز کی توسیع کردی جبکہ نیب کی جانب سے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی زمین کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی گئی۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نے پیراگون اسکینڈل کیس میں خواجہ برادران کے عدالتی ریمانڈ میں مزید تیرہ دن کی توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر خواجہ برادران کے وکلا کو بحث کے لئے طلب کرلیا۔