فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت 13 فروری تک ملتوی کردی
کراچی (این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار دو ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت 13 فروری تک ملتوی کردی۔منگل کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں فضائیہ ہاوسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار دو ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی جہاں وزارت قانون اور دیگر فریقین نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عرفان عزیز میمن کو جواب کے ہمراہ پیش ہونے کا حکم دیا اپنے ریمارکس میں عدالت کا کہنا تھا کہ اہم نوعیت کے کیس میں وفاقی حکومت کی غیر سنجیدگی سمجھ سے بالاتر ہے،آئندہ سماعت پر ضروری دستاویزات اور تیاری کے ساتھ پیش ہوں، عدالت کا نیب پراسیکیوٹر اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو حکم دیا عدالت نے ملزم عطا الخیر اور دیگر کی عبوری ضمانت میں 13 فروری تک توسیع کردی ۔