اسلام آباد: آزادکشمیر کے شہری علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اسکردو میں پارہ منفی بیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش اور دھند ہے۔
آزاد کشمیر میں برفباری اور بارش دوسرے روز بھی اپنا رنگ جما رہی ہے۔ راولاکوٹ، حویلی، ہجیرہ اور میرپور سمیت مختلف شہروں میں بارش نے شہریوں کو ٹھٹھرنے پر مجبور کردیا ہے جبکہ بالائی علاقوں کے بلند و بالا پہاڑ برف سے ڈھکے ہوئے ہیں ہر طرف برف ہی برف ہے۔ برفباری سے بند وادی گریس، وادی جاگراں اور وادی لیپہ کی رابطہ سڑکیں بحال نہ ہوسکیں۔
دوسری جانب پنجاب میں کہیں بارش ہورہی ہے تو کہی دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ چکوال اور اٹک سمیت دیگر شہروں میں وقفہ وقفہ سے ابر رحمت برس رہی ہے۔ وہاڑی، جھنگ اور احمدپورسیال سمیت دیگر شہروں میں دھند کا راج ہے۔ جہاں دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے وہی سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔