اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے دوہری شہریت چھپانے پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دہری شہریت چھپانے پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے کی۔
درخواست گزار کی جانب سے جہانگیر جدون ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی میں اپنی دہری شہریت چھپائی۔دوہزار اٹھارہ کے الیکشن کے لئے فیصل واو ڈا کا الیکشن کمیشن میں جمع کروایا گیا بیان حلفی درست نہیں کیونکہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت وہ امریکی شہریت سے دستبردار نہیں ہوئے تھے۔
جس پر عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت دوہفتوں کے لیے ملتوی کردی ہے۔درخواست میں وفاقی وزیر فیصل واڈا، سیکریٹری کابینہ ڈویژن ، سیکریٹری قانون و انصاف، سیکریٹری قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیاہے۔
واضح رہے کہ درخواست گزار محمد فیصل نے درخواست میں استدعا کی تھی کہ فیصل واوڈا کو دوہری شہریت رکھنے اور جھوٹا حلف نامہ دینے پر نااہل کیا جائے۔ ان کی رکنیت معطل کرتے ہوئے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی وصولی کی جائےاور کراچی کے حلقہ این اے 249 میں دوبارہ انتخابات کروائے جائیں۔