آئیسکو نے ہمیشہ صارفین کے مفادات کو ترجیح دی،ترجمان
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) ترجمان آئیسکو کے مطابق آئیسکو نے ہمیشہ اپنے معزز صارفین کے مفادات کو ترجیح دی ہے اور ہمیشہ وہ اقدامات کئے ہیں جن سے صارفین کے مسائل کے حل اور بہترین سروسز کی فراہمی میںمدد ملے۔ ترجمان کے مطابق آئیسکو چیف شاہد اقبال چوہدری نے ہدایات جاری کیں ہیں کہ کمپلینٹ دفاتر اور کسٹمر سروسز سینٹر ز جہاں صارفین اپنی شکایات لے کر آتے ہیں اُن کا معیار مزید بہتر کیا جائے اور صارفین کی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ، کمپلینٹ دفاتر کے فون نمبرز کا مصروف رہنا یا فون کال اٹینڈنہ کیے جانے کی شکایت پر متعلقہ افسران و عملہ کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آئیسکو چیف نے کہا ہے کہ بلاشبہ ہمار ی ڈیوٹی سخت ہے جسے ہم نے سردی ، گرمی ، بارش اور دھوپ میں بھی احسن انداز میں ادا کرنا ہے، بہترین سروسز کی فراہمی سے ہم صارفین کا اعتماد حاصل کر سکتے ہیں اور صارف کا اعتماد کسی بھی ادارے کی کامیابی کا ضامن ہوتا ہے۔