گوجرانوالہ: رشوت کی مبینہ تقسیم پر پولیس اہلکار ایک دوسرے سے گتھم گتھا
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) تھانہ سول لائن کے شیر جوان مبینہ طور پر رشوت کی رقم کی تقسیم پر آپس میں جھگڑ پڑے، ایک دوسرے پر تھپڑ برسا دئیے، شہریوں نے باوردی اہلکاروں کے جھگڑے کی ویڈیو بنا لی جبکہ اعلی پو لیس حکام کے نوٹس پر واقعہ کی انکوائری شروع کر دی گئی، تفصیلات کے مطابق تھانہ سول لائن کے اہلکار گشت پر مامور تھے کہ اس دوران دو ملازمین کے درمیان گاڑی کے اندر ہی مبینہ طور پر رشوت کی رقم کی تقسیم پر تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہو گیا تو دونوں نے گاڑی سے اتر کر ایک دوسرے پر تھپڑ بر سانے شروع کر دئیے جبکہ دیگر ملازمین نے مداخلت کرتے ہوئے جھگڑا ختم کروانے کی بارہا کوشش کی مگر ان کے ایک دوسرے پر برستے ہاتھ نہ ر ک سکے، گلی میں کھڑے افراد نے باوردی شیر جوانوں کو چھڑانے کی بجائے موبائل فون پر ویڈیو بنانا شروع کر دی جنہیں دیکھ کر پو لیس اہلکاروں نے ایک دوسرے کے گریبان چھوڑ دئیے اور لوگوں کو ویڈیو بنانے سے منع کیا، بعدازاں پو لیس اہلکار گاڑی میں سوار ہو کر موقع سے روانہ ہو گئے، سرعام جھگڑا کرنیوالے شیر جوانوں کے نام کانسٹیبل اسد اور شفیق معلوم ہوئے ہیں، دوسری جانب پو لیس حکام نے واقعہ کا نوٹس لیکر انکوائری شروع کر دی ہے۔