آسٹریلین اوپن : نوواک جوکوچ ‘ راجرفیڈرر سیمی فائنل میں پہنچ گئے
لاہور (سپورٹس ڈیسک) سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوران ٹینس سٹار نوواک جوکوچ اور سوئٹزر لینڈ کے شہر آفاق ٹینس سٹار راجر فیڈرر کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔ سربیا کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار، دفاعی چیمپئن اور عالمی نمبر دو نوواک جوکووچ اور سوئٹزرلینڈ کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور سب سے زیادہ 20 گرینڈ سلام چیمپئن راجر فیڈرر فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔مینز سنگلز کوارٹر فائنل رائونڈ میں سوئس سٹار نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد حریف امریکی کھلاڑی ٹینی سینڈ گرین کو شکست دیکر میگا ایونٹ کے ٹاپ فور تک رسائی حاصل کی۔انہوں نے ٹینی سینڈ گرین کو 6-3، 2-6، 2-6، 7-6(10-8) اور 6-3 سے ہرا کر سیمی فائنل کوالیفائی کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تین گھنٹے اور 28 منٹ تک مقابلہ جاری رہا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں سربین دفاعی چیمپئن نوواک جوکووچ کا مقابلہ کینیڈین سٹار میلوس رائونک سے تھا جس میں جوکووچ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میلوس رائونک کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4، 6-3 اور 7-6(7-1) سے ہرا کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔