ڈاکو نما پولیس اہلکار محکمہ کیلئے بدنما داغ ہیں،سہیل حبیب تاجک
کلرسیداں (نامہ نگار) ریجنل پولیس آفیسر راو لپنڈ ی ڈویژن سہیل حبیب تاجک نے کہا ہے کہ ڈاکو نما پولیس اہلکار محکمہ کیلئے بدنما داغ ہیں ایسی کالی بھیڑوں کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔پولیس کلچر میں تبدیلی کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے رویے میں تبدیلی لائیں،ہر آنے والے سائل کی عزت کریں۔ا نہوں نے گزشتہ شب اچانک کلر سیداں پولیس سٹیشن کا دورہ کیا ،محرر روم اور ریکارڈ کو چیک کیا اور افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ کی سطح پر انصاف کی فراہمی یقینی بنا کر پر امن معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا سکتا ہے۔ پولیس افسران کا اولین مقصد دیانتد اری، خوش اخلاقی،عوام کا تحفظ اور ان کی مدد کرنا ہے۔امن و عامہ کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن یا فرائض میں عدم د لچسپی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر ایس پی صدر ضیاء الدین،ایس ڈی پی او کہوٹہ کلر سیداں سرکل ملک طارق محبوب اور ایس ایچ او تھانہ کلر سیداں ملک اللہ یار بھی موجود تھے۔