محکمہ موسمیات نے کل بروز بدھ سے ملک بھر میں برفباری اور بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی
کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔ اس دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کی شدت برقرار رہے گی جب کہ کل سے سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، گلگت بلتستان سمیت آزاد کشمیر میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگا۔
اس کے علاوہ سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری اور کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے جب کہ اس دوران بالائی پنجاب، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور اور سرگودھا میں تیز بارش کی پیش گوئی ہے۔
کراچی میں کل سے پھر بادل برسنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ فروری میں کراچی میں سخت سردی پڑسکتی ہے۔