پنجاب فوڈ اتھارٹی سکواش چیمپئن شپ رامین فرید‘ سبطین‘ جکارتو کے نام
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پہلی پنجاب فوڈ اتھارٹی سکواش چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی۔ انڈر 15 گرلز میں لاہور کی رامین فرید نے، انڈر 15 بوائز میں کوئٹہ کے سبطین جبکہ انڈر 13 بوائز میں کوئٹہ کے جکا رتو نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب میں پنجاب فورڈ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ و ڈویژنل آفیس لاہور کے اشتراک سے منعقد ہونے والی تین روزہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 100 سے زائد نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے انڈر 13 اور انڈر 15 کیٹگری میں حصہ لیا۔ گذشتہ روز چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے ہوئے جس کے مطابق انڈر 15 گرلز میں لاہور کی رامین فرید نے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ جبکہ اگلی تینوں پوزیشن کوئٹہ کی کھلاڑیوں کے نام رہیں جن میں زہرہ نے دوسری، کبریٰ نے تیسری اور مرزیہ نے چوتھی پوزیشن اپنے نام کی۔ انڈر 15 بوائز کیٹگری میں کوئٹہ کے سبطین نے راولپنڈی کے حسن کو شکست دیکر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ حسن دوسرے جبکہ لاہور کے فراز منصور تیسرے اور ذیشان چوتھے نمبر پر رہے۔ انڈر 13 بوائز میں کوئٹہ کے جے کرتو نے پہلی، کوئٹہ ہی کے خسرو نے دوسری، لاہور کے سلیم نے تیسری جبکہ راولپنڈی کے سبحان نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ چیمپئن شپ میں راجن پور سے تعلق رکھنے والے صائم فاروق کو خصوصی انعام دیا گیا۔ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی اور ڈی سی لاہور سمیر احمد تھے جنہوں نے بچے اور بچیوں میں انعامات تقسیم کئے۔