انسداد جرائم کیلئے لوگوں میں خوف خدا پیدا کرنا ہوگا: ڈاکٹر راغب نعیمی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ جان و مال ،عزت وآبرو کا تحفظ ہر انسان کا بنیادی حق ہے، اسلامی تعلیمات سے خود اوردوسروں کیلئے’’ محفوظ زندگی‘‘ کے مواقع فراہم کرنے کادرس ملتاہے۔انسداد جرائم کے لئے انسانوں میں خوف ِخدا اور آخرت کی جواب دہی کا احساس پیدا کیا جائے ۔نسل نو کو برُے راستوں سے بچانے اورمحفوظ زندگی گزرانے کے لئے شعوروآگاہی دنیاانتہائی ضروری ہے۔ابتدائی عمر میں ہی بچوں میںنیکی اور نیک لوگوں کی محبت پیداکی جائے اورپاکیزہ ماحول مہیاکیاجائے، دوستوں کے انتخاب میںبہت احتیاط سے کام لیا جائے۔جرائم کی روک تھام کیلئے قانون کی نظر میں سب کی برابری ضروری ہے۔شرعی سزائوں کے نفاذ اورقانون پر عملدآمدسے ہی جرائم پر قابو پایاجاسکتاہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز نعیمیہ انٹلیکچوئول فورم کے زیراہتمام ڈاکٹر سرفراز نعیمی انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ پانچویں ماہانہ تربیتی ورکشاپ بعنوان ’’محفوظ اورپاکیزہ زندگی کی تعلیم آخرکیوںـ‘‘کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔