عوام نواز شریف کو ووٹ دیکر انہیں پھر وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں،احسن اقبال
نارووال(این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عوام آئندہ انتخابات میں نواز شریف کو ووٹ دیکر انہیں وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں،ملک میں مارشل لاءلگا کرجمہوریت کو پٹری سےاتارا گیا ،ایک آمر نے ملک کو ترقی کی بجائے تنزلی کی طرف دھکیل دیااس طرح عوام سے زیادتی کی گئی، لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرکے ملک کو اندھیروں سے نکالا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب زکریا کالونی نارووال میں سوئی گیس کے افتتاح کو موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بائیس بائیس گھنٹے جانیوالی بجلی اب بائیس گھنٹے آ رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے میاں نوازشریف کی قیادت میں ملک میںترقیاتی کاموں کا جال بچھا یا ہے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ کے قائد نواز شریف کے متوالے آئندہ انتخابات میں ووٹ دیکر انہیں پھر وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں ،مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام دوست پالیسیوں سے عوام کی خدمت کے مشن کو جاری رکھ کر عوام کی محرمیوں کو خوشیوں میں بدلا اور ن لیگ کی قیادت نے مخلصانہ اقدام کر کے عوام کو ورثہ میں ملنے والے تمام مسائل حل کیے۔اور اس وقت ملک کی معیشت اور ترقی بڑی تیزی سے بڑھ رہی ہے جوکہ مخالفین کو ہضم نہیں ہورہی ۔انہوںنے کہا کہ عام انتخابات قریب ہے عوام اور نوجوان نسل موجودہ حکومت کی کارکردگی اور ملک کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں۔