کانگو‘ امن دستے میں شامل ایک پاکستانی فوجی شہید‘ دوسرا زخمی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)اقوا م متحدہ کے امن دستوں میں شامل پاکستان کا ایک فوجی اہلکار شورش زدہ افریقی ملک کانگو میں شہید اور ایکزخمی ہو گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی اہلکار نعیم رضا جنوبی صوبہ کیو کے شمال مغرب میں قائم علاقے باراکا میں ایک حملے میں شہید ہوئے۔ جب کہ دوسرا اہلکار بلال زخمی ہو گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے زیر اہتمام عالمی امن کے لئے مستقل تعاون کرنے والا ملک ہے اور پاکستان کے چھ ہزار سے زائد افسران اور اہلکار امن کوششوں میں اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں اور پاکستان ان قربانیوں کے باوجود عالمی ادارے کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ ادھر اقوام متحدہ کے ترجمان نے ادارے کے سیکریٹری جنرل کے حوالے سے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’وہ پاکستان کے امن مشن اہلکار کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہیں‘۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حکومت کے ساتھ کشیدگی کے باوجود ملک میں سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔