مسجد نبوی کے قریب خود کش دھماکے کے سہولت کار کے خلاف فرد جرم پیش
ریاض (این این آئی)کچھ عرصہ پیشتر مسجد نبوی کے قریب خود کش بم دھمکاکے میں معاونت کرنے والے سعودی ملزم اور یونیورسٹی کے طالب علم کے خلاف فوجداری عدالت میں مقدمہ کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق پبلک پراسیکیوٹر جنرل کی طرف سے ملزم کے خلاف عدالت میں پیش کردہ فرد جرم میں کئی سنگین الزامات کیساتھ ملزم کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے مقدس ترین مقام میں خون خرابے کی سازش میں ایک دوسرے دہشت گرد کی معاونت کرکے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ اسے ایسی سبق آموز سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسے سنگین جرائم کے ارتکاب کی جرأت نہ ہو۔ اس کے علاوہ ملزم کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کی جائے۔ ملزم پر عائد کردہ الزامات میں دہشت گرد سیل تشکیل دینے، ایک خود کش بمبار کی مسجد نبوی میں بم دھماکے میں معاونت کرنے، فساد پھیلانے، ملک کی سلامتی کو تباہ کرنے اور افراتفری پھیلانے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ فرد جرم میں پیش کیے گئے الزامات میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے ایک دہشت گرد گروپ ’داعش‘ کے منہج اور تکفیری نظریات اختیار کرتے ہوئے کتاب وسنت سے انحراف کیا ہے۔ خیال رہے کہ مذکورہ ملزم نے گذشتہ برس مسجد نبوی کے قریب ایمرجنسی فورسز کے ایک مرکز پر حملہ کرنے میں ایک دوسرے خود کش بمبار کی مدد کی تھی۔ ملزم سعودی عرب میں ایک یونیورسٹی میں کیمسٹری کا طالب علم بتایا جاتا ہے۔