حمزہ شہباز کی لندن سے واپسی‘ جاتی امرا میں نوازشریف ودیگر سے ملاقات‘ اکٹھے کھانا کھایا
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز نے لندن کے نجی دورے سے گزشتہ روز وطن واپس آنے کے بعد اتوار کو جاتی امرا میں اپنی دادی اور تایا نوازشریف سمیت دیگر عزیز و اقارب سے ملاقات کی۔ وہ لندن میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لئے گئے تھے۔ خاندان کے افراد کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اللہ کا شکر ہے بیگم کلثوم نواز صحت یاب ہورہی ہیں تاہم ان کا علاج ابھی جاری ہے۔ شریف فیملی کا بے نظیر بھٹو حکومت اور پرویز مشرف حکومت پہلے ہی احتساب کرچکی ہے جس میں ہم سرخرو ہوئے، اب بھی اللہ کے فضل سے حق اور سچ کی جیت ہوگی۔