کوٹ رادھا کشن :بچی سے زیادتی کی کوشش سہریوں کا ملزم پر تشدد احتجاج
کوٹ رادھا کشن‘ بھوئے آصل‘ مردان‘ کوئٹہ‘ فیروزوالا (نامہ نگاران + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) کوٹ رادھا کشن میں ایک اور بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش پر شہریوں نے ملزم شہباز کو تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ مردان میں تیسری جماعت کی طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا ادھر کوئٹہ میں 12 سالہ یتیم لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔ کوٹ رادھاکشن کے نواحی گائوں بھگیل سنگھ کے اصغر کی سات سالہ بیٹی لائبہ کے ساتھ دکاندار شہباز کی زیادتی کی کوشش کی۔ جو سودا لینے گئی تھی۔ بچی کی چیخ و پکار پر اس نے بچی کو چھوڑ دیا۔ بچی نے گھر آکر والدین کو بتایا جنہوں نے گائوں والوں کے ساتھ مل کر ملزم شہباز کو پکڑنے کے بعد تشدد کیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس والے ملزم کو کہیں اور لے جا رہے تھے بچی کے چچا اشرف کے مطابق پولیس والے مقامی ایم این اے سلمان حنیف کے حکم پر اسے کسی اور جگہ لے جارہے تھے جس پر گائوں والے مشتعل ہوگئے۔ انہوں نے پولیس کو یرغمال بنا لیا اور تشدد بھی کیا سینکڑوں نوجوانوں نے پہلے گائوں میں ٹائر جلا کر روڈ بلاک کی‘ احتجاج کیا اور پولیس اور مقامی ایم این اے کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ اعلیٰ پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی ایم این اے نے بتایا کہ وہ ایک فوتیدگی پر گئے تھے ان کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں، تاہم بعد میں پولیس اہلکار محمد حنیف اور یونس کو معطل کر کے ایف آئی درج کر لی گئی۔ مظاہرین کی طرف سے پتھرائو سے پولیس وین کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ آئی جی پنجاب نے قصور میں بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کے واقعہ کی ڈی پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ ڈی پی او قصور واقعہ کی رپورٹ سنٹرل پولیس آفس کو بھجوائیں ڈی پی او قصور ملزم سے خود تفتیش کرکے اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔ علاوہ ازیں مردان کے نواحی علاقے خرکی میں تیسری جماعت کی طالبہ کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا پولیس کے مطابق بچی کو میڈیکل کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ورثا کی درخواست پر ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کی جا رہی ہے۔ بچی سکول سے گھر آرہی تھی۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے علاقہ کلی اسماعیل کی رہائشی 12 سالہ بچی کی نعش برآمد ہوئی بتایا گیا کہ کلی اسماعیل کی رہائشی 12 سالہ یتیم بچی طیبہ کی والدہ اور بھائی کام کرنے گھر سے باہر گئے تھے۔ نامعلوم ملزموں نے اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور گلے میں پھندا ڈال کر قتل کر دیا گیا۔ ادھر خیبر پی کے کے شہر ہری پور میں لڑکے سے بدفعلی کرنے کے الزام میں ایک پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق لاہور روڈ کی آبادی غازی پور میں اوباش نوجوان نوید نے محنت کش کے بیٹے حارث کو بہانے سے بلایا اور ویران جگہ پر لے جا کر زبردستی زیادتی کی اور گلا دبا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔