کسی ملک کیلئے خطرہ نہیں امریکی تھنک ٹینک رپورٹ مسترد ,پاکستان کیساتھ فوجی تعاون مزید بہترہوا:چین
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) چین کی وزارت دفاع کے ترجمان نے ایک تھنک ٹینک کے اس الزام کو مسترد کردیا ہے کہ چین 2018 میں دنیا کے لئے ایک فوجی خطرہ ہے۔ چینی وزارت فوجی دفاع کے ترجمان کرنل ووچیان نے امریکی تھنک ٹینک کی حالیہ ’’ٹاپ رسک رپورٹ 2018‘‘ میں چین کو ایک ابھرتا ہوا فوجی خطرہ قرار دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ چین کے ’’فوجی خطرہ‘‘ کو ہوا بناکر پیش کررہا ہے۔ ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ چین دنیا کے امن کے لئے کسی بھی ملک کے لئے فوجی خطرہ نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چین کی ترقی دنیا میں امن اور استحکام کی ترقی ہے، یہ کسی ملک یا خطے کے لئے خطرہ نہیں ہے۔ ذہنی بیمار لوگوں کو چین اور اس کی فوج کی ترقی قبول نہیں۔
بیجنگ(آئی این پی) پاکستان نے یقین دلایا ہے کہ اس کی فوج شنگھائی تعاون تنظیم کے دائرہ کار کے تحت علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر دفاعی اور سلامتی تعاون میں بھرپور حصہ لے گی۔یہ یقین دہانی ایک پاکستانی نمائندے نے شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کے رکن ممالک کی وزارت ہائی دفاع کے بین الاقوامی فوجی تعاون شعبوں کے رہنمائوں کے حالیہ اجلاس میں شرکت کے دوران کرائی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایس سی او کے رکن ممالک کی مسلح افواج اور دفاعی وزارتیں باہمی اعتماد، باہمی فائدے، برابری، صلاح مشورے، متنوع تہذیب کے احترام، مشترکہ ترقی کے اصول علاقائی سلامتی و استحکام کو مضبوطی سے برقرار رکھنے دفاعی وسلامتی تعاون طریقے میں مزید بہتری پر مشتمل شنگھائی جزبے پر عمل درآمد کرتے رہیں گے۔ تاکہ امن واستحکام، ترقی وخوشحالی پر مبنی مشترکہ برادری کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کیا جاسکے۔