گورنر سندھ سے ملاقات‘ جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے: مریم اورنگزیب
کراچی (آن لائن )گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام میں میڈیا کا کردار اہم ہے۔ معاشرتی بُرائیوں کی نشاندہی میں میڈیا اہم خدمت انجام دے رہا ہے ۔یہ بات گورنر سندھ محمد زبیر نے گورنر ہاﺅس میں وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور مشیر مصدق ملک سے ملاقات کے موقع پر کہی ۔ ملاقات میں اظہار رائے ، آزادی صحافت ، عوامی فلاح بہبود کے منصوبوں کی تشہیر ، معاشی خوشحالی میں میڈیا کے کردار سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ صوبہ میں وفاق کے تعاون سے تشکیل دیئے گئے ترقیاتی منصوبے اہم ثابت ہونگے۔ وفاقی حکومت صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے ۔وفاق کے تعاون سے 75 ارب روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی منصوبے کراچی میں جاری ہیں ۔بھرپور تعاون فراہم کرنے پر صوبہ کے مکین وفاق کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ مریم اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں ۔ صوبہ کی ترقی و خوشحالی وفاق کے وژن کا واضح عکاس ہے ۔ امن و امان اور توانائی بحران کے خاتمہ کے بعد معیشت بھی مستحکم ہو چکی۔ 2013 ءکے وقت مشکلات میں گھری عوام کو 2018 ءمیں موجودہ حکومت نے امن و امان ، توانائی اور مستحکم معیشت کے خوبصورت تحفے دیئے ۔
مریم اورنگزیب