احتساب ریفرنسز‘ اسحاق ڈار کےخلاف سماعت آج‘ نواز شریف‘ مریم‘ صفدر کےخلاف کل ہو گی
اسلام آباد(نا مہ نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت آج اور سابق وزیراعظم نواز شریف، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل کرے گی۔احتساب عدالت نمبر 1کے جج محمد بشیر اسحاق ڈار کےخلاف نیب ریفرنس کی سماعت کریں گے۔عدالت نے آج کی سماعت میں کیس کے مرکزی گواہ واجد ضیا کے سوا دیگر تمام 8گواہوں کو طلب کر رکھا ہے۔گزشتہ سماعت پر عدالت میں اسحق ڈار، ان کی اہلیہ اور کمپنیز کے اکاﺅنٹس اور گاڑیوں کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ پیش کر دی گئی تھی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل منگل (30جنوری)کو ہو گی،عدالت نے استغاثہ کے 2گواہوں کو طلب کر رکھا ہے ۔گزشتہ سماعت پر دوگواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے گئے تھے جبکہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی نیب کی طرف سے دائر ضمنی ریفرنس پڑھنے کیلئے وقت دینے کی استدعا منظور کر لی گئی تھی۔سابق وزیراعظم نواز شریف 14 مرتبہ،مریم نوازکی 16 اورکیپٹن(ر)صفدرکی18مرتبہ احتساب عدالت میں پیش ہوچکے ہیں، جبکہ یہ لندن فلیٹس ریفرنس کی بائیسویں ، العزیزیہ ریفرنس کی چھبیسویں اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی تیئیسویں سماعت ہوگی۔
ریفرنسز سماعت