ووٹ کے تقدس کا ہر صورت خیال رکھنا چاہئے‘ یوسف رضا گیلانی
خانیوال (نمائندہ خصوصی ) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے والے کبھی ملک کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کومستحکم کیا اور کوشش بھی کی وہ گزشتہ روز نواحی گاﺅں چوغطہ پنجوانہ میں مہر طارق سعید سنپال مرحوم کی رہائش گاہ پر گفتگو کررہے تھے -پیپلز پارٹی کی رہنما نتاشا دولتانہ اور مہر عمران حیدرسنپال بھی اس موقع پر موجود تھے -سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا دوٹوک موقف ہے کہ جمہوریت اور انتخابی عمل کو کسی صورت ڈی ریل نہ کیا جائے انہوںنے کہاکہ عمران خان الزامی سیاست کے ماہر ہیں جبکہ سیاست برداشت اور تحمل مزاجی کا نام ہے انہوں نے کہاکہ میثاق جمہوریت ایک سیاسی دستاویز ہے اسے کبھی ردی کی ٹوکری میں نہیں پھینکا جاسکتا انہوں نے کہاکہ حالات کچھ بھی ہوں ووٹ کے تقدس اور احترام کا ہر صورت خیال رکھنا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ آنے والے انتخابات کی بھرپور تیاری کررہے ہیں اور ہم حیران کن نتائج دیں گے انہوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی بڑی قوت بن کر اُبھرے گی ۔
یوسف رضا گیلانی