تمام بنیادی مراکز صحت میں ادویات فراہم کر دی گئیں، ڈاکٹر وسیم
دھریالہ جالپ(نامہ نگار) ڈی ایچ کیوہسپتال اور تحصیل ہیڈکوارٹرز ہاسپیٹلز سمیت ضلع بھر کے تمام بنیادی مراکز صحت میں ادویات کی فراہمی یقینی بنا دی گئی ہے، ان خیالات کا اظہار سی ای او ہیلتھ ضلع جہلم ڈاکٹر وسیم نے تحصیل پنڈدادنخان کے مختلف بنیادی مراکز صحت کے دورہ کے بعد بی ایچ یو دھریالہ جالپ میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کے تمام ہسپتالوں میں ادویات کے علاوہ مختلف قسم کے ضروری ٹسٹوں کی بھی سہولت دستیاب ہے اور دن بدن ان سہولیات میں بہتری لائی جا رہی ہے۔اس موقع پر سرپرست اعلیٰ تحصیل پریس کلب الحاج ریاض احمد اور سینئر صحافی سکندر گوندل نے بنیادی مرکز صحت دھریالہ جالپ میں سینکڑوں کے حساب سے روزانہ آنے والے مریضوں کے مطابق ادویات کا کوٹہ بڑھانے کی نشاندہی کی جس پر ایکشن لیتے ہوئے سی ای او ڈاکٹر وسیم نے متعلقہ شعبہ کو فوری طور پر بی ایچ یو دھریالہ جالپ کیلئے ادویات میں اضافہ کرنے کے احکامات جاری کئے۔