فروری شریف خاندان کی سیاست کے خاتمے کا مہینہ ہے: شیخ رشید
لاہور(آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے فروری کو شریف خاندان کی سیاست کے خاتمے کا مہینہ قرار دیتا ہوں کہ نوازشر یف کیلئے جیل میں بیرک کی تیاری شروع کردی گئی‘ مجھے2018میں ملک میں عام انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے اور سینٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کا اپنا چیئرمین سینٹ لانا ممکن نظر نہیں آتا‘ آنیوالے دنوں میں شہبازشریف کیلئے نیب میں نئی مشکلات سامنے آئیں گی کیونکہ نوازشریف کے بعد اب شہباز شریف کی باری آنیوالی ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے رکن امجد گولڈن اور دیگر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک میں بر وقت عام انتخابات کا کوئی امکان نظر نہیں آتا کیونکہ ابھی تک ملک میں مردم شماری بھی مکمل نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ جو بات کی وہ سچ ثابت ہوئی ہے وقت میں کچھ آگے پیچھے ضرور ہوسکتا ہے میں اب بھی کہتا ہوں کہ نوازشر یف اور انکے خاندان کی سیاست ختم ہو نے جارہی ہے اور نوازشریف کا اگلا ٹھکانہ صرف اور صرف جیل ہے جس کے لیے جیل میں آج کل تیاریاں بھی جاری ہیں تاکہ کرپشن کے بادشاہ سلامت کو جیل میں سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کی مدت پوری ہوتے ہی بہت سے لوگ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ چھوڑ جائیں گے۔