اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے ذکرِ رسولِ مقبولؐ کو عام کرنا ہو گا، پیرحسان حسیب الرحمن
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کی غلامی و محبت سے سر شار ہو کر امتِ مسلمہ اقوامِ عالم کے درمیان ممتاز مقام حاصل کر سکتی ہے۔ اہلِ بیتِ اطہار و صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین نے اپنی زندگیاں ، اپنی جانیں، اپنے مال، اپنی اولاد غرض ہر چیز حضور نبی رحمت ﷺ کے قدمین شریفین پر نثار کر دی جسکا نتیجہ یہ نکلا کہ اس عمل کے انعام کے طور پر ربِ کریم نے ساری دنیا کو ان کے زیرِ نگیں کر دیا۔ محافل نعت پاک و میلادِمصطفیٰ ﷺ وہ عظیم محافل ہیں جو قلوب و اذہان کا زنگ دور کرتی، دلوں میں اخوت ، محبت، رواداری، برداشت، بھائی چارہ اور ایک دوسرے کے لئے خیر سگالی کے جذبات پیدا کرتی ہیں۔ وطنِ عزیز میں لگی دہشتگردی کی آگ کو سرد کرنے اور آپس میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے ہمیں ذکرِ رسولِ مقبول ﷺ کو قریہ قریہ، گلی گلی اورنگر نگر عام کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی میرج ہال میر پور آزاد کشمیر کے مقام پر منعقدہ ایک عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی ﷺ سے خطاب کے دوران کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عشاقانِ مصطفیٰ ﷺ ، مشائخ عظام، علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ربِ کریم جب کسی سے راضی ہو جاتے ہیں تو ا’ن لوگوں کے دلوں کو اپنے پیارے حبیب ﷺ کی محبت سے بھر دیتے ہیں اور زندگی کا اصل متاعِ حیات بھی محبت رسول کریم ﷺ ہے جو دونوں جہانوں کا سرمایہ ہے۔ محفل سے کثیر تعداد میں مشائخِ عظام و علمائے کرام جن میں پیر عدنان قادری، مفتی فیصل حسین نقشبندی،پروفیسر عبدالقیوم ، پروفیسر خلیل الرحمن و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ دربار رسالتمآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ عبدالمتین عباسی، حافظ غلام مصطفیٰ، حافظ محمد عامر ودیگر نے پیش کیا۔ محفلِ کے اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمدنقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔