نانگا پربت پر پھنسی فرانسیسی خاتون کوہ پیما کو بچالیا گیا‘ ساتھی ٹوماس کی تلاش ختم
اسلام آباد (بی بی سی +نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے شمالی علاقے میں واقع 'قاتل پہاڑ ' کے نام سے معروف نانگا پربت پر پھنس جانے والی فرانسیسی خاتون کوہ پیما کو ایک ڈرامائی امدادی کارروائی کے نتیجے میں زندہ بچا لیا گیا ہے۔ تاہم اس ریسکیو آپریشن کے دوران ان کے پولینڈ سے تعلق رکھنے والے ساتھی کو تلاش نہیں کیا جا سکا۔ واضح رہے کہ کوہ پیما الزبتھ ریوول اور ٹوماس میکیوز جمعہ کو نانگا پربت پر سات ہزار چار سو میٹر کی بلندی پر پھنس گئے تھے۔ یہ اطلاع ملنے پر پولینڈ سے تعلق رکھنے والی کوہ پیماؤں کی اس ٹیم کے چار ارکان جو اس وقت دنیا کا دوسرا بلند ترین پہاڑ کے ٹو سر کر رہی تھی اپنی مہم چھوڑ کر پاکستانی فوج کے ہیلی کاپٹر کی مدد سے نانگا پربت پر پہنچے۔ انہیں ہیلی کاپٹر سے لاپتہ کوہ پیماؤں کے آخری معلوم مقام سے ایک ہزار میٹر نیچے اتارا گیا جہاں چار رکنی ٹیم کے دو ارکان جاروسلا اور تومالا نے کیمپ لگایا جبکہ ڈینس اور ایڈم نے رات کی تاریکی میں پہاڑ پر چڑھ کر الزبتھ اور ٹوماس کی تلاش شروع کی۔ یہ ٹیم رات بھر کی کوشش کے بعد الزبتھ کو زندہ تلاش کرنے میں کامیاب رہی۔ کوہ پیماؤں کی ٹیم نے اتوار کی علی الصبح اپنے فیس بک کے صفحے پر اعلان کیا کہ الزبتھ کو تلاش کر لیا گیا ہے تاہم ٹوماس ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ٹوماس، الزبتھ سے الگ ہو گئے تھے۔ اس سے پہلے موصول ہونے والی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ ٹوماس شدید سردی سے جلد کی تکلیف اور برف کے اندھے پن میں مبتلا ہیں۔ لوڈویک نے فیس بک پر لکھا ' بدقسمتی سے ٹوماس کو بچانا نا ممکن ہے۔'انہوں نے مزید لکھا 'خراب موسم اور بلندی کی وجہ سے جان بچانے والوں کی زندگی بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔ نانگا پربت میں زخمی ہونے والی کوہ پیما فرانسیسی خاتون کو پاک فوج نے اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔ ان کا علاج کیا جارہا ہے ان کا پائوں زخمی ہے۔ شدید سردی اور برفباری کے باعث دوسرے کوہ پیمائوں کی تلاش ختم کردی گئی۔
نانگا پربت